کورونا کے باعث بھارت میں پھنسے 152پاکستانی اور 101 کشمیری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے

0
35

پاکستان کو خیرباد کہہ کر بھارت جاکر بھارتی شہریت حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی ہندو شہریوں کی بڑی تعداد بھارتی حکومت کے رویہ سے دل برداشتہ ہو کر واپس پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔

گزشتہ روز 152پاکستانی ہندو واہگہ بارڈر کے راستے واپس پاکستان پہنچ گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ 101 کشمیری طلبا و طلبات بھی گزشتہ روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے ہیں۔ اس سلسلے میں واہگہ بارڈر خصوصی طور کھولا گیاجو کہ کورونا کے باعث گزشتہ سال مارچ میں بند کر دیا گیا تھا۔

پاکستان سے بھارت جانے والے ان پاکستانی ہندو شہریوں کو بھارتی حکومت نے سبز باغ دکھائے تھے اورانہیں اکسایاتھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مبینہ طور پر ناروا سلوک کیا جاتا ہے اس لئے وہ نقل مکانی کر کے بھارت پہنچ جائیں جہاں ان کونہ صرف بھارتی شہریت دی جائے گی بلکہ ان کے لئے رہائش، روزگار اورنوکریوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ تاہم کئی سال بھارت رہنے کے باوجودان پاکستانی ہندو شہریوں کے ساتھ انتہائی نامناسب سلوک کیا گیا۔

انہیں بھارتی شہریت بھی نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کی رہائش کا کوئی مناسب انتظام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ چند ماہ قبل 11 پاکستانی ہندو شہریوں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیااس سے بھی یہ پاکستانی دلبرداشتہ ہو گئے۔ جس کے بعد پاکستان سےنقل مکانی کرنے والے ہندووں کی اکثریت نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان واپسی پر ان ہندو خاندانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہیں واہگہ پہنچنے پر مشروبات بھی پیش کئے گئے۔

اطلاعات کے مطابق حکومت پاکستان نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان پہنچنے والے ہندوگیسو مل ولد رادھو کچی اوررانو ولد رام جی کا کہنا تھا کہ بھارت ہجرت کرنے والے ہندو وہاں بہتر مستقبل کے لئے گئے تھے مگر انہیں وہاں قتل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت صرف برہمن ہندوؤں کا ملک ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں 11 ہندو شہریوں کے قتل کے بارے میں بھارت سے نہ صرف احتجاج کرے بلکہ اس حوالے سے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مداخلت کرنے کی بھی اپیل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت میں مقیم دیگر پاکستانی ہندوؤں سے بھی التجا کرتے ہیں کہ وہ بھی پاکستان واپس آکرعزت کی زندگی بسر کریں۔

دریں اثنا پاکستان میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات جوبھارت میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد پاک بھارت سرحدیں بند ہونے کے باعث بھارت میں پھنس گئے تھے اب پاکستان میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے کے بعد ان میں سے 101 گزشتہ روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی شہریت رکھنے والے یہ طلبا وطالبات پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ 

Leave a reply