کورونا سے مزید 33 افراد جاں بحق:کراچی پہنچنے والے 200 سے زائد مسافروں میں کورونا کی تشخیص

0
26

اسلام آباد:کورونا سے مزید 33 افراد جاں بحق:کراچی پہنچنے والے 200 سے زائد مسافروں میں کورونا کی تشخیص ،اطلاعات کے مطابق کورونا کی نئی لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں، گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار چھ سو چوالیس نئے مریض سامنے آگئے جبکہ 33 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 644کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ320 گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں49 ہزار 866 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 3.29 فیصد پر پہنچ گئی۔

سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 63 ہزار967، خیبر پختونخوا میں 2 لاکھ 14ہزار698، پنجاب میں 4 لاکھ 98 ہزار 724، اسلام آباد میں ایک لاکھ 33 ہزار764، بلوچستان میں 35 ہزار 229، آزاد کشمیر میں 42 ہزار 599اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار 339 ہو گئی ہے۔

ادھر بیرون ملک سےکراچی ائیر پورٹ پہنچنے والے سیکڑوں افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق 13 جنوری تا 17 فروری کے دوران بیرون ممالک سے آنے والے 204 مسافروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ مسافرسعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بھارت، بحرین، قطر اور برطانیہ سے کراچی پہنچے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 139 کورونا مثبت مسافر سعودی عرب سے آئے جس کے بعد تمام متاثرہ مسافروں کوگھروں پر قرنطینہ کیا گیا ہے۔

Leave a reply