74 سالہ خاتون کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش
بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنی والی 74 سالہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دے کر سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارامتی مانگیاما نامی خاتون نے صحت مند جڑواں لڑکیوں کو جنم دیا اور اس طرح وہ ممکنہ طور پر اس عمر میں ماں بننے والی سب سے معمر خاتون بھی بن گئیں۔
اس خاتون کی پہلے کوئی اولاد نہیں تھی تاہم انہیں ہمیشہ سے بچوں کی چاہت تھی۔
74 سالہ خاتون نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بچیوں نے مجھے مکمل کردیا، میرا 60 برسوں کا انتظار ختم ہوا اور اب مجھے کوئی بانجھ نہیں کہہ سکے گا۔
ان کے ہاں معجزاتی طور پر بچوں کی پیدائش آئی وی ایف طریقہ علاج کی مدد سے ممکن ہوئی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس مخصوص علاج کے ذریعے میری 55 سالہ پڑوسن کے ہاں اولاد ہوئی تھی جس کے بعد مجھے اس سے مدد لینے کا خیال آیا۔