8 کروڑ روپے کا سفید شاہین،نیلامی کا نیا عالمی ریکارڈ

0
72

ریاض: سعودی عرب میں سفید شاہین (فالکن) نصف ملین ڈالرز میں فروخت ہوا تو نیا عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔

باغی ٹی وی : برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق دارالحکومت ریاض سے تقریباً 40 میل کے فاصلے پر واقع ملہم شہر میں سفید شاہین کو نیلامی کے ذریعے 1.75 ملین یورو میں ( مساوی نصف ملین ڈالرزجبکہ 83,994,900 پاکستانی روپے) ) فروخت کیا گیا ہے۔

قیمت کے لحاظ سے عالمی ریکارڈ قائم کرنے والےامریکی نسل کے اس سفید شاہین کو عالمی فالکن بریڈرز آکشن (آئی ایف بی اے) نیلامی میں فروخت کیا گیا ہے اور یہ نیلامی بھی تنظیم کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی فروخت کے لحاظ سے عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے اس سفید شاہین کی عمر ایک سال سے کم ہے اور اسے امریکن پیسفک نارتھ ویسٹ فالکنز فارم سے لایا گیا تھا جسے دنیا میں شاہینوں کی افزائش نسل کے اعتبار سے بہترین سمجھا جاتا ہے سفید شاہین کی لمبائی 16.5 انچ اور وزن 34.5 اونس ہے۔

سعودی عرب میں منعقد ہونے والی شاہینوں کی سالانہ نیلامی میں 14 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شرکا شامل تھے اس نیلامی کو سعودی ٹی وی اور سوشل میڈیا نے براہ راست نشر بھی کیا۔

اگست 2021 میں سعودی عرب میں مختلف اقسام اور نسلوں کے شاہین پرندوں کی نیلامی کے موقع پر سعودی عرب کی سرزمین پرپائے جانے والے ایک نایاب شاہین کو دو لاکھ 70 ہزار سعودی ریال میں فروخت کیا گیا تھا۔ امریکی کرنسی میں یہ قیمت 72 ہزار ڈالرز سے زیادہ بنتی ہے۔

ایس پی اے نے بتایا تھا کہ یہ ڈیل ریاض کے شمال کے ملہم کے مقام پر سعودی فالکن کلب کی طرف سے منظم کی گئی نیلامی کی دوسری رات میں کیا گیا تھا۔ یہ شاہین نیلامی میں فروخت ہونے والا سب سے مہنگا پرندہ ہے۔

اگست 2021 میں سعودی عرب کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا تھا کہ العرادی فارم سے لائے گئےشاہین کی خریداری میں بڑی بولی کے ذریعے فروخت ہونے والے اس شاہین کی لمبائی ساڑھے 17 انچ،چوڑائی پونے 17انچ اور وزن 1105 گرام تھا۔

سعودی عرب کے ایک مقامی شہری متعب منیر العیافی نے العرادی فارم سے آئے شاہین کی خریداری کی آخری بولی لگائی تھی۔ اس شاہین کو’رغوان‘ کا نام دیا گیا تھا شاہینوں کے مقامی مقابلے سب سے خوبصورت شاہین پیش کرنے والے کو تین لاکھ، دوسرے درجے پر دو لاکھ اور تیسرے پر ایک لاکھ ریال کا انعام رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی ایف بی اے کے مطابق سعودی عرب میں 20 ہزار سے زیادہ شاہین ہیں اس پرندے کو بطور خاص عزت و تکریم بھی دی جاتی ہے سعودی عرب نے جولائی 2017 میں فالکنرز کی ایسوسی ایشن بنانے کے لیے ایک شاہی فرمان منظور کیا گیا تھا سعودی عرب نے بین الاقوامی کنونشنوں پر بھی اتفاق کیا تھا کہ فالکن کو معدوم ہونے سے بچایا جائے اور مہاجر پرندوں کی حفاظت کی جائے۔

دسمبر میں ریاض کے قریب ہر سال منعقد ہونے والے کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول نے 2019 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس وقت جگہ حاصل کی تھی جب 2،350 شاہینوں کی حاضری ریکارڈ کی گئی تھی۔

مشرق وسطیٰ میں شاہین سے محبت اور اسے پالنے کی پوری تاریخ ہے اور اکثر دولت مند افراد اس پرندے پر بطور خاص رقوم بھی خرچ کرتے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کوئی شاہین اس قدر مہنگا فروخت ہوا کہ عالمی ریکارڈ قائم ہو گیا خلیج میں اس پرندے کو ثقافت کا بھی حصہ سمجھا جاتا ہے-

Leave a reply