87 فیصد بھارتی ملکی سلامتی کے بارے میں تحفظات کا شکار ہیں

0
26

نئی دہلی:87 فیصد بھارتی ملکی سلامتی کے بارے میں تحفظات کا شکار ہیں،پیرس میں ایک ریسرچ فرم ایپسوس کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم 77 فیصد ہندوستانیوں کو خوف ہے کہ یہ ملک کسی دوسرے فریق کے ساتھ مسلح تصادم میں ملوث ہوسکتا ہے۔

یہ سروے عالمی مارکیٹ ریسرچ فرم نے پیرس سے اگست اور ستمبر کے درمیان کیا تھا جس میں ہندوستان سمیت 28 ممالک کے 18،527 افراد کا مطالعہ کیا گیا تھا۔ "اِپسوس – ہیلی فیکس عالمی امور کے عالمی خطرات کی تشخیص” نامی سروے میں مزید پتہ چلا کہ ہندوستان میں 87 فیصد لوگ ملک میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کے امکانات سے پریشان ہیں۔

اپسوس کے بھارت کے سربراہ امیت ادھارکرکا کہنا ہے کہ دوسرے علاقوں میں خطرات کے باوجود ،  ہندوستانی جس بارے میں سب سے زیادہ فکر مند ہیں وہ ہے "سلامتی”۔پلوامہ حملے ، اس کے بعد بالاکوٹ اور بعد کے واقعات نے معاملات کو مزید گھمبیر کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عرصے سے معاملات ٹھیک نہیں چل رہے ہیں اور لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔

اگست کے اوائل میں نئی ​​دہلی کے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے بعد ، ہندوستان اور پاکستان کے مابین بڑھتی کشیدگی کے پس منظر میں سروے کے نتائج سامنے آئے ہیں۔کشمیر کے بارے میں بھارت کے اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسلام آباد نے ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو کم کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر کو ملک سے نکال دیا۔ پاکستان نے نئی دہلی کے ساتھ تجارت اور مواصلاتی رابطے بھی معطل کردیئے۔

اس سال کے اوائل میں مقبوضہ کشمیر میں 14 فروری کے پلوامہ میں ہونے والے حملے کے بعد ، جس میں 40 سے زیادہ ہندوستانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ، دونوں جنوبی ایشیائی ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدگی مزید بڑھ گئی تھی۔

پاکستان کے علاقے بالاکوٹ میں بھارت کے فضائی حملہ کے دعوے کے بعد بھی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔ 27 فروری کو ، پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی کی اور ایک بھارتی لڑاکا طیارے کو تباہ کردیا۔

Leave a reply