ملک بھر میں آج 8 محرم الحرام کے جلوس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد کیے جا رہے ہیں۔کراچی، لاہور، گوجرانوالہ سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے جلوسوں کے موقع پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے اطراف کے راستوں کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کے راستوں کا عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اس وجہ سے شہری متبادل راستے اختیار کریں۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تمام مجالس،عزاداری جلوسوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کر رہے ہیں،مجالس و جلوس آرگنائزر، کمیونٹی لیڈز،الائیڈ محکموں سے کوآرڈینیشن مکمل ہے، آج شہر میں 416 مجالس منعقد،84عزاداری جلوس برآمد ہونگے،آٹھ محرم کا مرکزی جلوس موری گیٹ سے برامد ہو کر مختلف راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انار کلی اختتام پذیر ہوگا،عاشورہ محرم پر 125سے زائد جلوس برآمد،600سے زائد مجالس منعقد ہوں گی.
سی سی پی اوکا کہنا تھا کہ عزاداری جلوسوں،مجالس کی سکیورٹی پر 10ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کئے ہیں،14 ایس پیز،40 ڈی ایس پیز،99 انسپکٹرزاور810 اَپر سب آرڈینیٹس،370 لیڈیز پولیس اہلکارتعینات ہونگی،یکم تا دس محرم مجموعی طور پر 3868 مجالس منعقد،460 عزاداری جلوس ہیں،ماہ محرم میں مجموعی طور پر 5235مجالس منعقد،650 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے،عاشورہ کے عزاداری جلوسوں سیف سٹی اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے900 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی.
غلام محمود ڈوگرنے بتایا کہ عاشورہ محرم کے مرکزی عزاداری جلوسوں کے ڈرون کیمروں سے بھی مانیٹرنگ ہو گی،سینئر پولیس افسران سیف سٹیز اتھارٹی اور ڈی سی آفس کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے تمام سرگرمیوں پر نظر رکھیں گے،ضابطہ نہیں رابطہ کے اصول پرایف آئی آر فری محرم یقینی بنائیں گے،مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر تعینات اہلکار الرٹ رہیں،مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں،پروگرام آرگنائزرز ضابطہ اخلاق، روٹ اور اوقات کار کی پابندی کریں،یوم عاشور پر مرکزی عزاداری جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس مخصوص اوقات میں معطل رہے گی،نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہوگی.
سی سی پی اونے کہا کہ عزاداری جلوسوں کے راستوں کو خار دار تاروں اور بیرئیرز کی مدد سے بند رکھا جائے گا،شہریوں کی رہنمائی اور سہولت کے لئے متبادل راستوں کی ٹریفک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے،دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہے،سخت کاروائی عمل میں لائیں گے.
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے مطابق نویں محرم الحرام اسلام پورہ تا خیمہ سادات کے ذوالجناح پروسیشن کےلئے ٹریفک انتظامات مکمل کر لئے ہیں ، ایس پی ٹریفک شہزاد خان تمام ٹریفک انتظامات کی سپرویژن کریں گے، 04 ڈی ایس پیز صاحبان کی نگرانی میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے،سی ٹی او منتظر مہدی نے ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے راستہ کلیئر رکھنے کی ہدایت کی ہے.سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جن پوائنٹس سے ٹریفک کو بند کیا جائیگا، چند منٹوں کے لیے بند کیا جائیگا، جلوس گزر تے ہی روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا.
منتظر مہدی نےٹریفک کے لئے ممنوعہ علاقے کی نشاندہی کر دی ہے جس کے مطابق پانڈو سٹریٹ ساندہ روڈ کی جانب سے کسی قسم کی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔ بلاک سیداں کیطرف ساندہ روڈ سے کسی قسم کی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔ چوک ساندہ خورد سے براستہ حیدر روڈ جانب نیلی بار ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔ نوری بلڈنگ کیطرف آخری بس سٹاپ کی جانب سے اور ساندی روڈکی جانب سے ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔ نیلی بار چوک سے جانب مین بازار ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی، چوک حیدر روڈ کی جانب ساندہ روڈ کی جانب سے سابقہ سیکرٹری آر ٹی اے آفس سائیڈ سے ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا۔ٹرن نیلی بار سے جانب نیلی بار چوک ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا۔چوک سول سیکرٹریٹ سے جانب اسلام پورہ ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا،ٹرن پٹرول پمپ نزد دفتر ڈی ایس پی اسلام پورہ سے جانب سول سیکرٹریٹ ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا۔ چوک پی ایم جی سے جانب سول سیکرٹریٹ ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔چوک استنبول سے چوک چرچ ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔ لاج روڈسے بھی چوک چرچ ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا۔ لائیبریری روڈ سے جانب ریونیو بورڈ آفس ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔ چوک ٹولنٹن مارکیٹ سے چوک پرانی انار کلی ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔
منتظر مہدی کے مطابق چوک بوٹا محل سے جانب اے جی آفس ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔چوک جی پی او سے جانب اے جی آفس ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔بابا موج دریا سے جانب خیمہ سادات ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا، چوک جین مندر سے جانب ایڈورڈ روڈ جانب خیمہ سادات ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔ فرید کوٹ روڈ سے جانب جین مندر خیمہ سادات ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔ چوک جین مندر سے جانب پرانی انارکلی ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔ ربانی روڈ سے جانب پرانی انارکلی ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا۔
ٹریفک کی روانی کے لئے متبادل روٹ پلان:
آخری بس سٹاپ سے تمام ٹریفک جانب ساندہ فردوس سینما ساندہ روڈ MAO کالج کے راستے آگے جاسکے گی۔ ٹریفک ایم اے او کالج ساندہ روڈ سے براستہ آخری بس سٹاپ ساندہ کی جانب جاسکے گی۔ آزادی فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کو چوک ضلع کچہری سے جانب R/Oجی سی کالج کیطرف ڈائیورٹ کیا جائیگا، فیروز پور روڈ سے آ نے والی ٹریفک کو چوک LOSسے گندا نالہ کیطرف ڈائیورٹ کیا جائیگا۔ ملتان روڈ سے آنے والی ٹریفک کو سمن آباد موڑ سے جانب ڈبل سڑکاں رنگ روڈ ڈائیورٹ کیا جائیگا۔کوئی بھی ڈائیورشن مستقل نہیں ہوگی بلکہ جلوس کی موومنٹ کے ساتھ ساتھ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائیگا۔
ٹریفک کے لئے ممنوعہ علاقے میں پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ، بلاک سیداں اسلام پورہ، مین بازار، چشتیہ ہائی سکول روڈ، حیدر روڈ، چوک سول سیکرٹریٹ، نابھہ روڈ، چرچ روڈ، ایڈورڈ روڈ، خیمہ سادات، چوک جین مندر، میکلگین روڈ، پرانی انارکلی شامل ہیں.
کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ 8 محرم الحرام کا جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
دوسری جانب سیکیورٹی کے لیے نمائش اور اطراف کی سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی زیرِ نگرانی کنٹینرز لگا کر جلوس کے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزرگاہ اور اطراف میں تمام دکانوں کو بھی سیل کیا جا رہا ہے۔شہرِ قائد میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے پیشِ نظر گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام میں امن و امان کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق سندھ بھر میں 5 اگست سے 10 اگست تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خواتین، بچے، معذور افراد، بزرگ، صحافی، سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔