9 حلقوں کے جاری الیکشن شیڈول کے خلاف پی ٹی آئی درخواست سماعت کے لیے مقرر

عدالت کو پہلی بار کسی نے مثبت بات کہی ہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ

الیکشن کمیشن کے 9 حلقوں کے جاری الیکشن شیڈول کے خلاف پی ٹی آئی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے.

تحریک انصاف نے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے، عدالت چار اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ، الیکشن کمیشن کو نوٹس کا معلوم ہے اس کے باوجود شیڈول جاری کردیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا پانچ اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے، پی ٹی آئی کے مرکزی کیس کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول معطل رکھا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی، قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق درخواست پر بدھ کو سماعت کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 جبکہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کورنگی کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں ہوگا۔

Comments are closed.