9 سالہ بچی سےزیادتی اور قتل کرنیوالے ملزمان کو2 ،2 بار سزائےموت اور5،5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

0
30

راولپنڈی: عدالت نے 9 سالہ طالبہ زینب عمران سے زیادتی اور پھر گلا دبا کر قتل کرنے والے ملزمان کو سزا سنا دی-

باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افضل مجوکہ نے 9 سالہ زینب عمران سے زیادتی اور پھر اسے گلا دبا کر قتل کرنے سے متعلق کیس میں 2 مجرموں کو 2 ، 2 بار سزائے موت اور 5،5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی اس کے علاوہ مجرم بابر مسیح کی بیوی انیتا کو جرم چھپانے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اسے 7 سال قید اور ایک لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ انتہائی گھناؤنا جرم ہے، مجرمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ بچوں سے زیادتی اور قتل جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے مجرمان کو کڑی سزا دینا لازم ہے-

عدالت نے مزید کہا کہ اس بابت قوانین بھی مزید سخت ہونے چاہیئں، ایسے مجرمان سے رعایت بچوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہوگی، جب تک مجرمان کی موت واقعہ نا ہوجائے انہیں پھانسی پر لٹکائے رکھا جائے عدالتی فیصلے کے بعد تینوں مجرموں کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے گنجان آباد علاقے جھنڈا چیچی میں رواں برس 22 مارچ کو زینب گھر سے پیسے لے کر دکان پر چیز لینے جارہی تھی، مجرم بابر مسیح نے دھوکے سے اسے گھر بلایا اور کمرہ بند کر کے جبری زیادتی کی، اس کے بعد دوسرے مجرم عدنان نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر دونوں نے مل کر طالبہ کو گلا دبا کر قتل کر دیا-

اس وقت مجرم بابر مسیح کی اہلیہ انیتا عرف انیقہ بھی گھر میں موجود اور اس تمام معاملے سے واقف تھی لیکن اس نے بچی کو بچانے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ اس معاملے کو چھپانے میں اعانت بھی کی۔

مجرمان نے نعش چارپائی کے نیچے چھپا دی تھی، واقعے کے بعد مجرم بابر گھر میں نشہ کر کے اسی پلنگ پر سو گیا، جس کے نیچے بیگ میں نعش چھپائی گئی تھی جب کہ اس کی بیوی گھر کو تالا لگا کر قریبی رشتہ داروں کے گھر چلی گئی تھی، شک پر تالا کھلوایا تو مجرم کے ساتھ نعش بھی مل گئی تھی۔

خیال رہے کہ واضح رہے کہ مجرم بابر اور زینب آمنے سامنے پڑوسی تھے 9 سالہ زینب اور اس کے والدین واقعے سے ایک سال قبل دائرہ اسلام میں داخل ہوئے تھے، فیصلے کے بعد زینب کی والدہ نے کہا کہ مجھے آج عدالت سے انصاف مل گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سیشن کورٹ نے گزشتہ دنوں سات سالہ کمسن بچی کو زیادتی کانشانہ بنانے والے مجرم کے خلاف جرم ثابت ہونے پر منشاد کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسین موہل نے زیادتی کیس کا فیصلہ سنایا تھا ملزم منشاد کے خلاف معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ ٹاون میں درج کیا گیا تھا عدالت نے درج مقدمے میں 13 گواہان کے بیانات قلمبند کیے تھے۔

پراسیکوٹر کے مطابق بچی کے والدین اپنی بیٹی کو گھر چھوڑ کرشادی پر گئے تھے کہ ملزم نے ننھی بچی کو اکیلے گھر میں گھس کر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا عدالت نے ملزم کو سخت سزا دینے کا حکم جاری کیا تھا عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو فوری جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

ادھر لاہور پولیس نے کمسن سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے درندہ صفت ملزم کو اس کی اہلیہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست گرفتار کرلیا تھا پولیس کے مطابق دی جانے والی درخواست میں مدعیہ نے الزام عائد کیاتھا کہ ملزم اپنی 13 سالہ چھوٹی سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

اس ضمن میں تھانہ لاری اڈہ کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم ارشد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جا رہی ہے۔

Leave a reply