9 واں رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جاپان میں شروع ،20 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ، آج تین میچوں کا فصیلہ
ٹوکیو : جاپان میں نویں رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوچکا ہے جس میں 20 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں،اندازہ یہی ہے کہ شائقین رگبی کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ میگا ایونٹ میں اج ہفتہ کو تین میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ پول بی میں شامل ٹیموں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا ہوگا۔
جاپان سے رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کی طرف سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق اس ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ پول سی کی ٹیموں فرانس اور ارجنٹائن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا میچ آسٹریلیا اور فجی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق جاپان میںکھیلے جانے والے 9 ویںرگبی ٹورنامنٹ کے میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی20ٹیموں میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، میزبان جاپان، روس، ساموا، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکہ، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل ہیں۔
میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنلز 19 اور 20 اکتوبر کو کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 26 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کے لئے میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 2 نومبر کو کھیلا جائیگا۔