فیصل آباد(محمد اویس) الائیڈ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ کو پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے 10لاکھ روپے مالیت کی طبی مشینری فراہم کی گئی ہے جس میں کارڈیک مانیٹر،بے بی وارنر لیمپ اورپلس آگسی میٹرشامل ہیں۔یہ عطیہ صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر جعفر حسن مبارک نے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فہیم یوسف کے حوالے کیا۔پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ اور دیگر ڈاکٹرزوسوسائٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے طبی مشینری کی فراہمی پر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے فلاحی اقدام کی تعریف کی اور کہا کہ سوسائٹی نے ہمیشہ مریضوں کی فلاح وبہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید ومعیاری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں تاہم اس سلسلے میں نیکی کے کاموں میں ہاتھ بٹانے والوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نے کہا کہ غریب ونادارمریضوں کی فلاح کے لئے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اس موقع پر مریضوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔

Shares: