فیصل آباد(محمد اویس) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ بھر میں 10 اسپیشل اکنامک زونز قائم کر رہی ہے جس میں پاکستان کا سب سے بڑے اکنامک زون فیصل آباد انڈسٹریل سٹی پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس منصوبے کے قیام سے تقریبا 10 لاکھ افراد کو بالواسطہ یا بلاواسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد سے آئے ہوئے صنعتکاروں کے ایک 15رکنی وفد سے ظہرانے کے دوران کیا۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ فیصل آباد ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور معاشی ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فیصل آباد کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں صنعتی بہتری اورخوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے عملی طور اپنی پوری توجہ مرکوز کر دی ہے جس کے شاندار نتائج بہت جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ ملک عمر فاروق نے بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹی سی پیک کا حصہ ہے جس میں ابتدائی طور پر چینی اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں کو صنعتیں لگانے کے لیے 700 ایکڑ اراضی فراہم جارہی ہے۔ 3217 ایکڑ پر قائم ہونے والیاس پروجیکٹ کے لیے تقریبا ایک ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹ آ چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروجیکٹ کا پہلا فیز انشاء اللہ جون2021 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں ایئرپورٹ، ہسپتال، لیبر کالونی، پبلک پارکس، سپورٹس گراؤنڈز، ایکسپو سینٹر، فور سٹار ہوٹل سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ملک عمر فاروق نے بتایا کہ اکنامک زون میں ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، تعمیراتی مٹیریل، آٹو موبائل، فارما سیوٹیکل، اسٹیل، کیمیکلز اور لائٹ انجینئرنگ کی صنعتیں لگانے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی 22 کلومیٹر طویل بانڈری وال، مین بلیوارڈ، مین گیٹ اور ساڑھے چھ کلومیٹر رابطہ سڑک پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ وفد کے ارکان نے ملک عمر فاروق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فیصل آباد کی آواز نہایت دبنگ انداز میں حکام بالا تک پہنچائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ موجودہ حکومت نے انتہائی سمجھداری اور بروقت اقدامات سے ملک کو معاشی ابتری سے نکال کر درست راستے پر گامزن کر دیا ہے جس سے نہ صرف صنعتی ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا بلکہ بہت جلد ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔

Shares: