اسلام آباد: کرونا وائرس کی وجہ سے محروم رہنے والے عمرہ زائرین کے لیے سعودی سفیر نے خوشخبری سنادی ،اطلاعات کے مطابق کرونا وائرس کے باعث عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد پر پابندی سے متعلق سعودی سفیر نے اچھی خبر سناتے ہوئے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کے ویزے میں توسیع کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امور نورالحق قادری اور سعودی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں عمرہ زائرین کو روکنے اور حج سےمتعلق دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کو عارضی طور پر روکا گیا ہے، عمرہ زائرین کے ویزوں میں توسیع کر دی جائےگی۔
سعودی سفیر نے کہا کہ 22 ممالک سے عمرہ زائرین کو روکا گیا ہے تاہم مناسب میکانزم تیار کرنے کے بعد عمرہ زائرین کو آنے دیا جائے گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ عمرہ زائرین اور حج کے والے سے حکومت سعودی حکام کیساتھ مسلسل رابطےمیں رہے گی۔
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کے مطابق عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ والوں پر سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔مذکورہ پابندی کے بعد پی آئی اے کال سینٹر سے معزز مسافروں کو اطلاع فراہم کی جارہی ہے۔ پی آئی اے نے مسافروں کو بکنگ تبدیلی، کرایہ میں فرق اور ٹکٹ واپسی کے چارجز ختم کر دئے ہیں۔








