کراچی: جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی نعیم وفات پاگئے،اطلاعات کے مطابق پاکستان کی ممتاز مذہبی شخصیت اورہردلعزیز مذہبی رہنما مفتی نعیم آج کراچی میں وفات پاگئے ہیں

ذرائع کے مطابق جامعہ بنوریہ کراچی کے مفتی نعیم کراچی میں انتقال کرگئے، مفتی نعیم دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔مفتی نعمان نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں طبیعت بگڑنے پر اسپتال لے جایا جارہا تھا والد کا انتقال راستے میں ہوا، و ہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

ذرائع کے مطابق ان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کرونا کے پیش نظر مفتی نعیم نے بھی بیان دیا تھا اور عوام سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی تھی، انہوں نے پلازمہ کی خریدوفروخت کو بھی حرام قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں سال مئی میں سوشل میڈیا پر مفتی نعیم کے کرونا میں مبتلا ہونے کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں تاہم ان کے ترجمان نے تردید کردی تھی۔

جامعہ بنوریہ میڈیا نے اپنے جاری بیان میں کہا تھا کہ مفتی نعیم دل کے عارضہ کے باعث اسپتال منتقل ہوئے تھے تاہم اب صحت یاب ہوکر گھر منتقل ہوگئے ہیں۔جامعہ بنوریہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر چلنے والی بے بنیاد خبروں خی تردید کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ مفتی نعیم دل اور پھیھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے اور آج ساڑھے 8 بجے کے قریب انہیں آغا خان ہسپتال لے جایا گیا۔

ترجمان جامعہ بنوریہ ٹاؤن نے بتایا کہ مفتی نعیم آغاخان ہسپتال میں دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ مفتی نعیم کی میت تاحال آغاخان ہسپتال میں موجودہے۔

مفتی نعیم 1955 میں پیدا ہوئے اور 65 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔

مفتی نعیم وفاق المدارس العربیہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر بھی تھے اور سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔

گورنر سندھ عمران اسمعیل نے جامعہ بنوریہ کے سربراہ مفتی نعیم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ لواحقین سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ مفتی نعیم کی پوری زندگی اسلام کی درس و تدریس میں گزری۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جامعہ بنوریہ کو عالمی معیار کی درسگاہ بنایا اور ان کی کمی ایک طویل عرصے تک پوری نہیں کی جا سکتی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مفتی نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ محروم باکمال شخصیت کے مالک تھے اور مشکل وقت میں ہمیشہ حکومت کی مدد کی۔

Shares: