نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔اتھارٹی کے بیان کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں میں 26 سے 28 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں جیسے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس سے رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچنے یا بند ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں الرٹ رہیں، کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کا فوری جواب دیا جائے، اور خطرے سے دوچار علاقوں میں مشینری اور وسائل کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ ادارے نے یہ بھی کہا کہ مقامی انتظامیہ اور عوام کو موسمی حالات اور الرٹس سے آگاہ رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے جا سکیں۔ این ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ایسے علاقے جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا زیادہ خطرہ ہو، وہاں ضروری مشینری اور امدادی ٹیمیں پیشگی طور پر تیار رکھی جائیں تاکہ عوام کو کسی بھی مشکل صورتحال سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Shares: