کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ٹرک جلانے کے دو مقدمات میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے انہیں ہر مقدمے کے لئے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

گزشتہ دنوں کراچی کے علاقوں لانڈھی اور کورنگی میں ٹرک نذر آتش کرنے کے دو مقدمات کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ آفاق احمد کے خلاف لانڈھی اور عوامی کالونی تھانے میں دو مقدمات درج ہیں اور وہ ان دونوں مقدمات میں گرفتار ہیں۔سماعت کے بعد عدالت نے آفاق احمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دونوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

آفاق احمد کے وکیل نے بتایا کہ ضمانت کی منظوری کے بعد پولیس نے آفاق احمد کو سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس مقدمے میں آفاق احمد پر ڈمپر نذر آتش کرنے کا الزام ہے۔یہ مقدمات اس وقت درج ہوئے تھے جب کراچی میں ٹرک اور ڈمپر کے بڑھتے حادثات کے باعث شہر بھر میں ٹرکوں اور ڈمپرز کو نذر آتش کیا گیا تھا۔ آفاق احمد کو اس حوالے سے بیان دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔

Shares: