بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بالی وڈ کے معروف سپر اسٹار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان شادی کے 37 سال بعد طلاق کی افواہیں ہیں۔ یہ افواہیں اس وقت زیادہ زور پکڑ گئیں جب گووندا کے بارے میں یہ کہا جانے لگا کہ ان کا تعلق ایک 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔
گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنیتا آہوجا نے بھی گووندا کے ساتھ اپنے تعلقات میں اختلافات کا اعتراف کیا۔ سنیتا نے کہا کہ "محبت اندھی ہوتی ہے لیکن اب میری آنکھیں کھل رہی ہیں”، اور اس بات کا بھی اظہار کیا کہ وہ اگلے جنم میں گووندا کو اپنے شوہر کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتیں۔ سنیتا نے مزید کہا کہ "یہ بات میں گووندا کو بھی کہہ چکی ہوں۔”
سنیتا آہوجا نے اپنے شوہر گووندا کے ساتھ اپنی ناخوشی کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ "وہ چھٹیوں پر نہیں جاتے، میں ایک ایسی انسان ہوں جو اپنے شوہر کے ساتھ سڑکوں پر پانی پوری کھانا چاہتی ہوں، لیکن گووندا نے خود کو کام میں بہت مصروف کیا ہوا ہے۔ ہم کبھی ایک ساتھ فلم دیکھنے باہر بھی نہیں گئے۔”سنیتا آہوجا نے کہا کہ انہیں اگلے جنم میں ایسا جیون ساتھی چاہیے جو ان کے ساتھ وہ خوشیاں گزار سکے جو انہوں نے گووندا کے ساتھ نہیں محسوس کی۔ سنیتا نے گووندا کے حوالے سے مزید کہا کہ "مجھے دل پر پتھر رکھنا پڑتا ہے کیونکہ گووندا کام میں اتنے مصروف ہوتے تھے کہ ان کے کسی افیئر کا وقت نہیں تھا۔ لیکن چونکہ وہ اب کام نہیں کرتے، تو اب میں غیر محفوظ ہوں کہ وہ افیئر نہ بنالے، کیونکہ 60 کے بعد لوگ سٹھیا جاتے ہیں۔”
اس انٹرویو کے دوران سنیتا آہوجا نے عورتوں کو مشورہ دیا کہ مردوں پر حد سے زیادہ بھروسہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ مرد گرگٹ کی طرح ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "عورت کو ایک خاص عمر کے بعد کسی پر انحصار کرنے کے بعد اپنے لیے وقت نکالنا چاہیے۔”
گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی کو 37 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ دونوں نے 1987 میں شادی کی تھی، جب گووندا بالی وڈ میں اپنی شناخت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس جوڑے کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی بھی ہے، اور ان کی شادی کا یہ طویل سفر اب ایک نئے موڑ پر پہنچ چکا ہے۔گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان طلاق کی افواہیں تو آچکی ہیں، لیکن اس بارے میں مزید تفصیلات یا تصدیق کا انتظار کیا جا رہا ہے۔








