ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) یومِ تشکر کے موقع پر حلقہ این اے 73 سے رکن قومی اسمبلی محترمہ سیدہ نوشین افتخار کی قیادت میں نکالی گئی ریلی جب یونس آباد پہنچی تو سابق کونسلر مرزا عرفان علی نے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا۔ ریلی ایک بڑے جلوس کی صورت اختیار کرتے ہوئے میلاد چوک پہنچی جہاں شرکاء نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
میلاد چوک میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نوشین افتخار نے کہا کہ پاک فوج نے حالیہ کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص” کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے قرآن کریم سے مکمل رہنمائی حاصل کی، اور حضور خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جنگی حکمت عملی کو سامنے رکھتے ہوئے دشمن پر کاری ضرب لگائی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اکبر کا نعرہ بلند کرتے ہوئے پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا زیادہ طاقتور دشمن سے ٹکرا کر فتح و نصرت کا پرچم بلند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی پاک فوج کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے مختلف القابات سے یاد کیا، کسی نے "فضاؤں کا بادشاہ”، کسی نے "آسمان کا سلطان” اور کسی نے "دنیا کی مضبوط ترین افواج” جیسے خطابات دیے۔ نوشین افتخار نے کہا کہ اگر پوری قوم "قومِ رسولِ ہاشمی” بن کر میدان میں اُترے تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔ انہوں نے ایک شاعر کا شعر پڑھتے ہوئے کہا:
"میرے ہاتھ میں تھا جب تک میرے مصطفیٰ کا دامن، میرے پاؤں چومتی تھی یہ گردشِ زمانہ”
ریلی کے اختتام پر شاندار آتشبازی کی گئی جس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور فضا "پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اُٹھی۔









