اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں تیز رفتاری کا ایک اور المناک واقعہ پیش آیا، جہاں تین موٹر سائیکلوں کے تصادم کے نتیجے میں ایک 17 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تین موٹر سائیکلوں پر سوار چار نوجوان خطرناک حد تک تیز رفتاری سے ایک دوسرے کے قریب پہنچے اور بےقابو ہو کر آپس میں ٹکرا گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے کی ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور تین زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس دوران ریسکیو 1122 بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ بدقسمتی سے محمد فیضان ولد محمد اسلم جو محلہ 08/BC، پٹھانوں والی بہاولپور کا رہائشی تھا، شدید دماغی چوٹ کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ متوفی کی عمر 17 سال تھی۔

پولیس کی موجودگی میں ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر قانونی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد نوجوان کی لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ حادثے نے علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے

Shares: