پاکستان میں پولیو وائرس کے نئے کیس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق پولیو سے متاثرہ بچہ خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر کی تحصیل کندار کا رہائشی ہے، جس کی عمر صرف 12 ماہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچے میں پولیو کی علامات 19 ستمبر 2025 کو ظاہر ہوئیں، جس کے بعد نمونے لیبارٹری بھیجے گئے اور تصدیق ہوئی کہ بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس سال پولیو کا یہ 19 واں کیس ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ یہ وائرس اب بھی بعض علاقوں میں موجود ہے اور بچوں کو متاثر کر رہا ہے۔
صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو وائرس اب تک مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا۔ حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات تیز کرنے اور پولیو ویکسینیشن مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے ہر سال متعدد قومی و علاقائی مہمات چلائی جاتی ہیں، تاہم سکیورٹی خدشات، والدین کی مزاحمت اور پسماندہ علاقوں تک رسائی میں مشکلات کی وجہ سے یہ مہمات کئی بار متاثر ہوتی رہی ہیں۔
وزارت صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔








