بھارتی ریاست اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے عالم باغ کے رہائشی ڈی آر ڈی او کے انجینئر آکاش گپتا کی مشتبہ حالات میں موت ہو گئی ہے
بھارتی میڈیا کے مطابق آکاش دہلی میں تعینات تھے اور اس وقت وہ برہموس میزائل کے سسٹم انجینئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ وہ دیوالی کی چھٹیاں منانے اپنے اہل خانہ سے ملنے آئے تھے۔ منگل کی رات والی بال کھیلنے کے بعد آکاش کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اہل خانہ انہیں لوک بندھو اسپتال لے کر گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا،ابتدائی تحقیقات میں اسے ہارٹ اٹیک مانا جا رہا ہے، آکاش کی ناگہانی موت سے ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آکاش دیپ گپتا مستقل طور سے لکھنؤ کے رہنے والے تھے اور دہلی میں ڈی آر ڈی او کے برہموس میزائل پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔ آکاش گزشتہ 3 سالوں سے دفاعی پروجیکٹ سے وابستہ تھے اور مجموعی طور سے7 سالوں سے برہموس مشن کا حصہ تھے،آکاش کی عمر صرف 30 سال تھی اور ان کی شادی صرف 6 ماہ قبل ہی ہوئی تھی، اہل خانہ نے بتایا کہ آکاش دیپ مکمل طور پر صحت مند رہتے تھے اور انہیں کوئی پرانی بیماری نہیں تھی۔ وہ صرف کھیلنے کے شوقین تھے۔ دوستوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ منگل کو والی بال کھیل کر واپس آئے تھے۔ انہیں صحت سے متعلق کوئی بنیادی پریشانی نہیں تھی۔








