گھوٹکی باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میونسپل کمیٹی گھوٹکی کے ملازمین کا زبردستی بند کی گئی تنخواہوں کی بحالی کے لیے احتجاجی کیمپ مسلسل 26ویں روز بھی جاری رہا، مگر تاحال کسی اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے نوٹس نہیں لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملازمین چھ سال سے تنخواہوں کی بندش کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہیں فوری طور پر بحال کی جائیں، بصورت دیگر احتجاجی کیمپ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔

احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، بلدیاتی وزیر ناصر حسین شاہ اور میونسپل چیئرمین آصف رزاق دھاریجو نے تاحال کسی قسم کی توجہ نہیں دی، جس سے ملازمین میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

دریں اثنا، احتجاجی کیمپ میں موجود ملازمین نے ایم این اے سردار علی گوہر خان مہر، ایم پی اے سردار راجا خان مہر، صوبائی وزیر محمد بخش خان مہر اور دیگر معزز شخصیات سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ سندھ مرحوم سردار علی محمد خان مہر کی والدہ اور ضلع چیئرمین میر بنگل خان مہر کی چچی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

ملازمین نے حکومتِ سندھ سے اپیل کی ہے کہ ان کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے بقایا تنخواہیں فوری بحال کی جائیں تاکہ وہ اپنے گھروں کے معاشی مسائل سے نجات پا سکیں۔

Shares: