سکھر (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)سکھر میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والا بدنام زمانہ ڈاکو سلطان شاہ اپنے بیٹے حبدار شاہ سمیت دوران واردات پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق روہڑی کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایک بچہ فیضان شیخ زخمی ہوگیا، جس کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ فرار ہوتے ہوئے ملزمان کی گاڑی پرانا سکھر تھانہ سی سیکشن کی حدود میں پولیس کے محاصرے میں آگئی، جہاں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں سلطان شاہ اور اس کا بیٹا حبدار شاہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔مقابلے کے دوران پولیس کانسٹیبل فضل بھٹو بھی زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے زخمی اہلکار کے علاج معالجے کے لیے فوری احکامات جاری کیے ہیں، جبکہ ایس ایس پی سکھر اظہر مغل اور پوری پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش اور مبارکباد دی ہے۔











