ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انوائرنمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف صنعتی یونٹس کے قیام اور لائسنس کی تجدید سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظِ ماحولیات سید اشفاق حسین بخاری، ڈاکٹر اسحاق کرمانی اور دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔

کمیٹی نے مجموعی طور پر 21 کیسز کا جائزہ لیا جن میں رائس ملز، سٹون کریشرز یونٹس، جپسم فیکٹریاں اور دیگر صنعتی اداروں کے معاملات شامل تھے۔ اجلاس کے دوران قواعد و ضوابط اور مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے والے اداروں کے کیسز کی تجدید اور این او سی (NOC) کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ ماحول دوست صنعتی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ درخواستوں کی وصولی کے دوران تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور خامیوں کے ازالے کے لیے درخواست گزاروں سے بروقت رابطہ رکھا جائے۔

محمد عثمان خالد نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مگر این او سی کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کے قیام کے لیے بھی مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ مقامی معیشت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظِ ماحولیات سید اشفاق حسین بخاری اور ڈاکٹر اسحاق کرمانی نے بھی کہا کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں توازن برقرار رکھنا لازم ہے اور اس مقصد کے لیے سخت مانیٹرنگ اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ این او سی کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بنائیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

Shares: