سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز کی ریسکیو سکاؤٹس ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے عام لوگوں کو تربیت دینا ضروری ہے تاکہ حادثات کی صورت میں ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل مریضوں کی جان بچائی جا سکے۔
ریسکیو1122 نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کے مطابق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کی تربیت یافتہ رضاکاروں کی CERT ٹیموں کے درمیان CADRE چیلنج منعقد کروایا۔ پہلے ہر تحصیل میں مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا تھا اور بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین کونسل ٹیم نے ضلع سطح کے مقابلہ میں حصہ لیا۔
اس کے علاوہ میٹل انڈسٹری ادارہ، ووکیشنل ٹریننگ ادارہ، سیالکوٹ کالج آف فزیوتھیرپی اور سیالکوٹ وارڈن کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اشفاق نذر، سوشل ورکر میاں اعجاز، ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ، اور دیگر تربیتی اساتذہ بطور مہمان شریک ہوئے اور سکاؤٹس کی حوصلہ افزائی کی۔
مقابلہ جات میں ٹیموں نے ہنگامی حالات میں مریضوں کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانا، بلڈنگ گرنے کی صورت میں بچاؤ اور پانی میں پھنسے افراد کو نکالنا جیسے عملی مظاہرے کیے۔
ٹیموں کی درجہ بندی ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد احسان، محمد عاصم، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز محمد نعیم، محمد رضا، ٹریننگ کوآرڈینیٹر محمد وسیم اور ٹرینر علی رضا نے کی۔
مقابلہ جات میں جیتنے والی ٹیم لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ہونے والے رضاکاروں کے مقابلوں میں سیالکوٹ کی نمائندگی کرے گی۔








