ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی (BGNU) کے شعبہ پنجابی نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی (LCWU) کے شعبہ پنجابی کے اشتراک سے آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کا موضوع "زبان، ادب، فن اور ثقافت” تھا۔
کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی سطح کے نامور ماہرینِ لسانیات اور اہلِ علم نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں ڈاکٹر سرب جیت سنگھ (آسٹریلیا)، ڈاکٹر ترنجیت سنگھ (امریکہ)، پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ (چیئرپرسن شعبہ پنجابی، LCWU) اور ڈاکٹر صائمہ بتول (اسسٹنٹ پروفیسر، LCWU) شامل تھیں۔
شعبہ پنجابی کے انچارج ڈاکٹر غضنفر حسین نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا اور پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ میں ان کی شمولیت کو سراہا۔ کانفرنس سے خطاب میں ماہرین نے زور دیا کہ پنجابی زبان، ادب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کے لیے مسلسل کاوشیں ناگزیر ہیں تاکہ یہ زبان عالمی سطح پر اپنی پہچان برقرار رکھ سکے۔
تقریب کے دوران ڈاکٹر غضنفر حسین کے 25 ویں ناول "81% موت، 19% محبت” کی رونمائی بھی کی گئی۔ بابا گرو نانک یونیورسٹی کے رجسٹرار مبشر طارق نے ناول کا سرِ عنوان فاش کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر حسین کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں، خصوصاً پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ کا شکریہ ادا کیا اور LCWU کے ساتھ علمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے ایسے علمی و تحقیقی تعاون کو جاری رکھے گی۔
کانفرنس کے اختتام پر شعبہ پنجابی کے طلبہ و طالبات نے پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے ثقافتی اسٹال پیش کیا، جس میں پنجاب کے روایتی فن، لباس اور طرزِ زندگی کی جھلک دکھائی گئی۔
آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس نے علمی و ثقافتی سطح پر ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کے ذریعے ماہرینِ تعلیم و ادب نے پنجابی زبان کے فروغ، ادب کی نئی جہتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔








