لاہور: باباگورونانک کا جنم دن منانے پاکستان آنیوالی ایک سکھ بھارتی خاتون پاکستان میں مبینہ طور پرلاپتہ ہوگئی ہے۔
بھارتی پنجاب کی رہائشی 48 سالہ سربجیت کور 4 نومبر کو یاتریوں کے ساتھ پاکستان آئی تھی،بھارتی خاتون کے لاپتہ ہونے کاانکشاف جمعرات کے روز اس وقت ہوا جب بھارتی یاتری پاکستان میں دس روزہ قیام کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے واپس جارہے تھے۔،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت سے 1923 یاتری پاکستان آئے تھے لیکن واپس جانیوالوں کی تعداد 1922 تھی ۔ ذرائع کے مطابق سربجیت کور بھارتی پنجاب کے ضلع مکتسر صاحب کی رہائشی ہیں۔ مبینہ طور پر لاپتہ ہونیوالی بھارتی خاتون کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ سیکیورٹی ادارے یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ بھارتی خاتون کس شہر سے لاپتہ ہوئیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ خاتون کے خلاف انڈیا میں منشیات کے مقدمات درج ہیں اور وہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر دوستی کرکے ہنی ٹریپ کرتی ہیں۔








