راولپنڈی: تاجکستان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل صوبیر زودا امام علی عبدالرحیم نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں موجود تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، خصوصاً تربیت، انسدادِ دہشتگردی اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔تاجک وزیرِ دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ خطے کے دیرپا امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

Shares: