پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے مشورے کے بعد وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اراکین اسمبلی کو فوری مظفرآباد پہچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل راٹھور کو امیدوار نامزد کر دیا ہے، فیصل راٹھور کی نامزدگی کا اعلان راجا پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کیا۔ صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد کے لیے گولڈن نمبر 27 ہے لیکن ن لیگ کی حمایت سے ہمارے پاس 40 کی تعداد ہے،پیپلز پارٹی آج آزاد کشمیر میں مقبول ترین جماعت ہے، اس وقت آزاد کشمیر کے حالات اچھے نہیں ہیں، پیپلز پارٹی نے آزادکشمیر کے عوام کی بہتری کیلئے فیصلہ کیا ہے،پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی آزاد کشمیر فیصل راٹھور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، یہ مختصر مدت کی حکومت کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہوگی، فیصل راٹھور کو تجربہ ہے وہ اچھے اندار میں ایوان چلائیں گے۔
آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد اگلے 3 روز سے 7 روز کے اندر اسمبلی کا اجلاس بلا کر اس پر رائے شماری ضروری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے بھی تحریک عدم اعتماد کا بھرپور مقابلہ کرنے کا مقابلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے لیے سادہ اکثریت میں 27 ووٹ درکار ہیں، تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کےلیے 40 سے زائد اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔








