گجرانوالہ باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ میں قومی انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
ضلع گوجرانوالہ میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی یہ قومی ویکسینیشن مہم 17 نومبر 2025 سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہے گی۔
سی ای او ہیلتھ کے مطابق مہم کے دوران 6 ماہ سے 59 ماہ تک کے تقریباً 7 لاکھ 97 ہزار بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین (MR) لگائی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ گوجرانوالہ کی 08 مخصوص یونین کونسلوں میں پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔
محکمہ صحت نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 470 آؤٹ ریچ ٹیمیں اور 215 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
12 روزہ مہم کے دوران پیر تا ہفتہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ویکسینیشن سرکاری و نجی اسکولوں، مذہبی مدارس، تمام مراکز صحت اور مخصوص ویکسینیشن پوائنٹس پر لگائی جائے گی، جہاں تربیت یافتہ ویکسینیٹرز (لیڈی ہیلتھ وزیٹرز، نرسیں اور طبی عملہ) خدمات سرانجام دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا کہنا ہے کہ خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے 6 سے 59 ماہ کے تمام بچوں کو MR ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ انہیں زندگی بھر کے لیے ان خطرناک بیماریوں سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔








