میرپورخاص (باغی ٹی وی ،نامہ نگار سید شاہزیب)ڈسٹرکٹ میرپورخاص ایجوکیشن ورکس کے ایگزیکٹو انجینیئر عبداللہ انصاری کی ہدایت پر مین جھڈو شہر میں واقع سرکاری اسکول کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ اسکول کی ریپیئرنگ کے بعد عمارت کی مجموعی حالت بہتر ہوگئی ہے اور طلباء کے لیے محفوظ اور خوشگوار تعلیمی ماحول میسر آگیا ہے۔
مرمتی کام میں کلاس رومز کی دیواروں اور چھت کی مضبوطی، کھڑکیوں و دروازوں کی تبدیلی، پنجروں کی مرمت، واش رومز کی اپگریڈیشن اور اسکول میں خوبصورت پودوں کی تنصیب شامل تھی۔ مرمت کے بعد اسکول کی ظاہری اور اندرونی حالت نمایاں طور پر بہتر دکھائی دے رہی ہے۔
ایگزیکٹو انجینیئر عبداللہ انصاری نے کام کی بروقت تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے بچوں کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
میڈیا ٹیم کے دورۂ اسکول کے دوران علاقہ مکینوں نے سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ اور ایگزیکٹو انجینیئر عبداللہ انصاری کا دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس مرمتی کام نے بچوں کے مستقبل کو روشن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔








