میانمار:مسلمانوں کے سیکڑوں گھر نذر آتش: فوج لوگوں کوقتل کرنے لگی

0
30

رنگون:مسلمانوں پر ایک بار پھر عرصہ حیات تنگ کردیاگیا ہے اور یہ اطلاعات ہیں کہ میانمار کی فوج نے ایک گاؤں پر چھاپے کے دوران کم از کم 10 افراد کو ہلاک اور سینکڑوں مکانات کو نذر آتش کردیا۔

عالمی میڈیا ذرائع کے مطابق میانمار کے ایک گاوں کے ایک مسلمان رہائشی نے بتایا کہ گاؤں ’’کی سو“ کے مسلم کوارٹرز میں تقریباً 400 مکانات جل کر خاکستر ہوگئے اور ایک مسجد کو آگ سے جزوی نقصان پہنچا۔

مقامی میڈیا نے بتایا کہ کم از کم 10 جلی ہوئی لاشیں ملی ہیں جن کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور کی سو میں سینکڑوں گھروں کو نذر آتش کر دیا گیا ہے، اے ایف پی دور دراز کے علاقے سے موصول ہونے والی اطلاعات کی تصدیق نہیں کرسکی۔

مقامی لوگوں اور میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی ساگانگ کے علاقے میں گزشتہ سال بغاوت کے بعد سے شدید لڑائی اور خونریز جھڑپیں جاری ہیں، جنتا فوج کے دستے مقامی “پیپلز ڈیفنس فورس” کی مزاحمت کو کچلنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

ایک مقامی رہائشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ 18 جولائی کو کیسو گاؤں کے قریب فوجیوں کو دو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اتارا گیا اور تقریباً 100 لوگوں کو فوج نے قید کرلیا، بوڑھے مردوں کو اگلے دن رہا کر دیا گیا تھا جبکہ کم عمر افراد کو وہاں رکھا گیا تھا۔

ایک اور رہائشی نے بتایا کہ فوجیوں کے جانے کے بعد 20 جولائی کو واپس آنے پر گاؤں والوں کو 10 افراد کی لاشیں ملیں جن کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، ایک اور مقامی نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ 10 لاشیں ملی ہیں اور ان میں سے نو کی شناخت خاندان کے افراد نے کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ گاؤں کے کم از کم 30 لوگ لاپتہ ہیں۔

مقامی لوگوں اور میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ساگانگ میں فوجیوں کے ذریعہ قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ وہ پچھلے سال آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹنے والی بغاوت کی مخالفت کو کچلنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

 

Leave a reply