بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان اور اداکارہ ودیا بالن نے نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن سے ملاقات کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم بھارت کے دورے پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران معروف فلم پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپور، رونی اسکریو والا اور اداکار و ڈائریکٹر آشوتوش گواریکر بھی موجود تھے۔اس ملاقات میں دونوں ممالک کے فلمی صنعتوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم نے ذاتی طور پر ان مشہور شخصیات کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، تاکہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کی ترقی اور نیوزی لینڈ کے ساتھ اس کے تعلقات کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کر سکیں۔
نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم نے اس ملاقات کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور اس کے ساتھ لکھا کہ فلمیں ہماری معیشت میں پیسے اور روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں ، وہ یہ جان کر خوش ہیں کہ بالی ووڈ کے چند اہم ستاروں سے ان کے خیالات بھی معلوم ہوئے اور یہ بات چیت بہت فائدہ مند ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن 16 مارچ سے 20 مارچ تک بھارت کے دورے پر تھے، جہاں ان کی بھارتی حکام کے ساتھ مختلف اہم ملاقاتیں اور مذاکرات ہوئے۔