اب نہ دھاندلی رہے گی نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ دھاندلی کی پیداوار عمران خان، مریم نواز کی سکردو میں للکار

0
32

اب نہ دھاندلی رہے گی نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ دھاندلی کی پیداوار عمران خان، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے سلیکٹڈ تھے اب ریجکٹڈ ہیں، انہیں این آر او نہیں ملےگا، مسلم لیگ ن اور نواز شریف این آراو نہیں دیں گے۔ اب نہ دھاندلی رہے گی نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ دھاندلی کی پیداوار عمران خان رہے گا۔
اسکردو میں جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ یہ نواز شریف کے ووٹ پر ڈاکا ڈال کر آئے تھے، ڈھائی سال میں یہ حالت ہوگئی کہ پورے ملک میں گھبرائے گھبرائے پھر رہے ہيں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بس مہنگائی اور عوام سے روزگار چھیننے پر چلتا ہے، کہتا ہے این آر او نہیں دوں گا، این آر او نہیں دوں گا، اب یہ این آر او ہم سے مانگ رہا ہے، تمہیں این آر او نہیں ملے گا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ اگر نون لیگ کو دھاندلی سےہرایا گیا تو نہ گلگت بلتستان مانے گا نہ پاکستان، نہ اب دھاندلی رہے گی، نہ دھاندلی کرنے والے اور نہ ہی دھاندلی کی پیداوار عمران خان، اب راج کرے گی تو بس خلق خدا راج کرے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی راستہ نہیں ہے اگر کسی کے پاس پاکستان کے مسائل کا علاج ہے تو اس کا نام ہے نواز شریف۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف 7 روزہ گلگت بلتستان کے دورے پر جمعرات 5 اکتوبر کو اسکردو پہنچیں۔


مریم نواز شریف 7 روز گلگت بلتستان میں قیام کریں گی۔ وہ انتخابی مہم کے سلسلے ميں جلسوں ميں شرکت کريں گی۔ اسکردو آمد پر ن ليگ گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کی جانب سے مریم نواز شریف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

مریم نواز شریف کو مقامی پارٹی عہدے داروں کی جانب سے گلگت بلتستان میں حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ دورے کے دوران مریم نواز شریف پارٹی امیدواروں، عہدیداروں، کارکنان، نوجوانوں اور بزرگ عمائدین سے بھی ملاقات کریں گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزيراعظم عمران خان بھی گلگت بلستان کا دورہ کرچکے ہیں، جب کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو گلگت بلتستان میں بھرپور انتخابی مہم میں حصہ لے رہیں ہیں اور وہيں موجود ہيں

Leave a reply