ضلعی انتظامیہ نےٹیکسی کے طور پر چلنے والی گاڑیوں کے لئے قانونی ضابطہ وضع کرنے کا فیصلہ

0
39

ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں ٹیکسی کار کے طور پر چلنے والی گاڑیوں کے لئے قانونی ضابطہ کار اور کرایہ وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مسافروں کو کرائے کے ضمن میں ڈرائیوروں کی من مانیوں سے نجات دلائی جاسکے ۔ یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادعامر آفاق کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو ٹیکسی کاروں کوقانونی ضا بطہ کار میں لانے کے لیے قائم کی گئی ہے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد ،سیکر ٹری آر ٹی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹرکنز یومر پر وٹیکشن کورٹس، ڈی ایس پی ٹریفک ، ٹی ایم او ایبٹ آباد اور دوسرے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران ٹیکسی کاروں کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان سے پیدا ہونے والے مسائل اور من مانے کرایوں کی وصولی سمیت ان سے متعلق سامنے آنے والی دیگر شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ٹیکسی کاروں اور سو زوکی کیری سے مسافروں کو اگرچہ سفر کی ایک بہتر سہولت میسر ہے تاہم ٹیکسی کاروں کے من مانے کرایوں اور ان کے ڈرائیوروں کے روئیے کے حوالے سے مسافروں میں تشویش بھی پائی جاتی ہے ۔ چنانچہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اورمتعلقہ سرکاری ادارے اس معاملے سے متعلق حقائق کا تفصیلی جائزہ لے کر ٹیکسی کاروں کے کاروبار کو قانونی ضا بطے میں لانے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں اور حکام کو دیگر اقدامات کے علاوہ ضلع بھر میں ٹیکسی کاروں کے تمام روٹس کا سر وے کرکے ان کے کرائے تجویز کرنے اور موزوں مقامات پر پارکنگ کے انتظامات کی بھی ہدایت کی ۔

Leave a reply