امریکہ میں سفید فام آبادی کم ہونے لگی:سفید فاموں پرسیاہ فاموں کا خوف چھانے لگا

0
48

واشنگٹن: امریکہ میں سفید فام آبادی کم ہونےلگی:سیاہ فام بہت جلد غالب آجائیں گے،اطلاعات کے مطابق امریکہ میں سال دو ہزار بیس میں کی جانے والی مردم شماری کے مطابق ملک میں سفید فام آبادی گھٹ رہی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ امریکی معاشرہ نسلی طور پر مزید متنوع ہوتا جا رہا ہے۔

امریکہ میں مردم شماری کے بیورو کے تحت ہر دس سال بعد ہونے والی مردم شماری کے اس جائزے سے نہ صرف گزشتہ ایک دہائی میں واقع ہونے والی تبدیلیوں کا پتا چلتا ہے، بلکہ یہ مستقبل کی آبادیاتی تبدیلیوں کی نشاندہی میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مردم شماری بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ ایک دہائی میں ملک کی آبادی میں محض سات اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر 33 کروڑ 14 لاکھ (تین سو اکتیس اعشاریہ چار ملین) ہو گئی ہے۔

وآئس آف امریکہ کی خبر کے مطابق1719ء سے جب سے ملک میں مردم شماری کا آغاز ہوا ہے کسی بھی دہائی میں آبادی میں یہ کم ترین اضافہ ہے۔ اس سے پہلے صرف 1930ء کی دہائی میں جب امریکہ گریٹ ڈپریشن کی لپیٹ میں تھا آبادی میں اتنا کم اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب ملک سیاسی طور پر تقسیم کا شکار ہے یہ اعداد و شمار ملک میں نمائندگی کے موضوع پر گرما گرم بحث چھیڑ سکتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف اس بات کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں کہ سال 2022ء کے انتخابات میں کونسی سیاسی جماعت فائدے میں رہ سکتی ہے اور کسے چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے، بلکہ یہ پتہ لگانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتے ہیں کہ آبادی کے تبدیل ہوتے منظرنامے کی وجہ سے آنے والے برسوں میں ملک میں ووٹرز کا رجحان کیا ہوگا۔

Leave a reply