ننکانہ صاحب: ہندو یاتریوں کی چوری کے ملزم گرفتار، مال مسروقہ اور نقدی برآمد

باغی ٹی وی ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں گوردوارہ میلے کے دوران ہندو یاتریوں کے ساتھ ہونے والی چوری کی واردات کا سراغ لگا لیا گیا چوری کے مقدمہ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار چوری ہونے والا مال مسروقہ اور نقدی برآمد
تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے ڈی ایس پی سرکل ننکانہ نواز ورک کی زیر نگرانی ہندو یاتریوں کے ساتھ ہونیوالی چوری کی واردات کا سراغ لگا لیا۔ چوری کی واردات کا مقدمہ صوبہ سندھ کے رہائشی ہندو یاتری سری چند کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ ہندو یاتری سری چند اپنے دیگر عزیزو اقارب کے ساتھ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے ننکانہ صاحب آئے تھے جو کرایہ دار کے طور پر عارضی رہائش پذیر تھے۔ ملزمان ساجد عرف چھدی اور ریاض ہندو یاتریوں کے 6 عدد قیمتی موبائل اور ہزاروں روپے مالیت کی نقدی چوری کر کے فرار ہو گئے تھے۔ ملزمان کو تھانہ سٹی ننکانہ پولیس نے ایس ایچ او محمد بوٹا ڈوگر کی سربراہی میں پیشہ وارانہ مہارت اور تکنیکی صلاحیتوں کی بدولت گرفتار کیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ دریں اثناء ننکانہ پولیس اس سے پہلے دوران نگر کیرتن جلوس تین ہندو یاتریوں کو چوری شدہ موبائل برآمد کر کے حقیقی مالکان کے حوالے کر چکی ہے۔ ڈی پی او ننکانہ سردار موارہن خان نے ایس ایچ او تھانہ سٹی ننکانہ بوٹا ڈوگر اور ہمراہی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے جان و مال کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ ضلعی پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انسدادی کاروائیوں میں دن رات سرگرم عمل ہے

Leave a reply