ننکانہ صاحب : محکمہ سول ڈیفنس کی غیر قانونی ایل پی جی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کاروائیاں
باغی ٹی وی ننکانہ صاحب(نامہ نگار احسان اللہ ایاز)حکومت پنجاب کی واضح ہدایت کے مطابق ضلع بھر میں بغیر لائسنس ایل پی جی گیس ری فلنگ کرنے والواور غیرقانونی طور پر پٹرول کی فروخت کرنےو الوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا، تمام متعلقہ ادارے بلا خوف و خطر قانون شکن افراد کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ان خیالات کااظہارڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب احمر نائیک نے بغیر لائسنس ایل پی جی گیس ری فلنگ کرنے والے اور غیر قانونی پٹرول کی فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلع بھر میں جاری کریک ڈاﺅن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرننکانہ احمرنائیک کی ہدایت پرڈسٹرکٹ آفیسرسول ڈیفنس ننکانہ محمود حسین انجم کی سربراہی میں ننکانہ سٹی ،کھیاڑے کلاں وگردونواح میں غیر قانونی ایل پی جی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کاروائی کی گئی ،کاروائی کے دوران 03عدد دوکانوں کو سیل کیا گیا جبکہ 05دوکانوں کے چالان عدالتوں میں بھجوائے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ احمر نائیک نے مزید کہا ہے کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور غیر قانونی پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف انتظامی افسران کی کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیںگی کیونکہ بظاہر یہ معمولی کام ہے لیکن کبھی بھی کسی بڑے حادثہ کاسبب بن سکتا ہے ،ایسے دکانداروں کو شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی