اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹرز پر مشتمل خصوصی میڈیکل ٹیم بدھ کے روز اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں انہوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق مختلف ٹیسٹ اور معائنہ کیا۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کی ٹیم نے دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر، شوگر لیول، سانس کی کارکردگی، جوڑوں اور اعصاب کے مسائل سمیت مجموعی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران جیل میڈیکل اسٹاف بھی موجود رہا جبکہ تمام مراحل جیل سیکیورٹی کی نگرانی میں مکمل کیے گئے۔
میڈیکل ٹیم معائنہ مکمل کرنے کے بعد جیل سے واپس روانہ ہوگئی ہے۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے عمران خان کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ مرتب کی جارہی ہے، جو مکمل ہونے کے بعد انتظامیہ کے حوالے کی جائے گی۔ رپورٹ کی بنیاد پر آئندہ کے طبی فیصلے کیے جائیں گے۔








