کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئراور ورسٹائل اداکار عدنان صدیقی نے نئی بھارتی فلم ’مشن مجنوں‘ پر ردعمل دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے-
باغی ٹی وی : بالی وڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم مشن مجنوں آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر 20 جنوری کو ریلیز ہوئی ہے جس میں بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو دہشت گرد دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔
فلم مشن مجنوں ایک ایسے بھارتی جاسوس کی کہانی ہے جو پاکستان میں درزی کا روپ دھار کر ملک کے ایٹمی منصوبے کو ناکام بنانے کے منصوبے پر کام کرتا ہے فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سدھارتھ نے فلم میں مسلمان دکھائی دینے کیلئے سر پرٹوپی گلے میں تعویذ جبکہ آنکھوں میں سُرما لگا رکھا ہے اوروہ پاکستانیوں کو آداب کہتے بھی دکھائی دے رہے ہیں جس پر اداکار کو سوشل میڈیا پرجہاں صارفین کی جانب سے ٹرولنگ اور تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں اداکار عدنان صدیقی نے بھی پاکستانیوں کو دہشتگرد دکھانے کے ایجنڈے پر مبنی اس فلم پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے خوب تنقید کی ہے۔
عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ مشن مجنوں میں ایسا بہت کچھ ہے جو کہ بدذائقہ اور حقیقت کے منافی ہے۔ یہ بتائیں کہ مزید کتنی غلط نمائندگی ہوگی کہ ہمیں پتا چلے گا کہ غلط نمائندگی ہوئی ہے کیا بالی ووڈ کے پاس اس کا جواب ہے۔
اداکار نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ کیا ہوگیا ہے یار، آپ کے پاس اتنا پیسہ ہے، کوئی اچھے ریسرچرز ڈھونڈ لو جو ہم پر تحقیق کر سکیں،یا پھر مجھ سے مدد لے لو، نوٹس بناؤ کہ ہم لوگ ٹوپی نہیں پہنتے، سُرمہ نہیں لگاتے اور گلے میں رومال اورتعویذ نہیں پہنتے نہ ہم آداب کہتے ہیں اور نہ ہی آداب کہتے وقت جھکتے ہیں
عدنان صدیقی نے فلم کی کہانی، پیشکش اور تحقیق کو انتہائی ناقص قرار دیتے ہوئے بھارتیوں کو مشورہ دیا کہ یہ بہت خراب کہانی خراب پیشکش خراب تحقیق تھی اگر ولن کو برابری کے ساتھ دکھایا جاتا تو ہیرو کا نجات دہندہ کمپلیکس زیادہ زور دیتا۔ ایک کمزور مخالف اس سے بھی کمزور مرکزی کردار کو زیب دیتا ہے اگلی مرتبہ ہماری طرف آئیں ہم اچھے میزبان ہیں ہم آپ کو دکھائیں گےکہ ہم کیسے نظر آتے ہیں کیسے کپڑے پہنتے ہیں اور ہمارا رہن سہن کیسا ہے۔