افغانستان میں دھماکے سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک

کابل : افغانستان میں دھماکے سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک ،اطلاعات کے مطابق افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کاپیسا میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک خاتون سمیت 3 شہری جاں بحق ہوگئے۔

افغان خبرایجنسی طلوع کی رپورٹ کے مطابق صوبائی پولیس سربراہ کے ترجمان شائق شوریش کا کہنا تھا کہ سڑک کنارے بم کے دھماکے میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ دھماکا صوبے کے ضلع تگاب میں اس وقت ہوا جب ایک شہری گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرائی۔

شائق شوریش نے دھماکے کی ذمہ داری طالبان پرعائد کرتے ہوئے کہا کہ ‘طالبان نے یہ بم نصب کیا تھا’۔دوسری جانب طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ 5 اکتوبر کوافغانستان کے صوبہ لغمان کے گورنر کو خودکش دھماکے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لغمان کے گورنر رحمت اللہ یارمل کے قافلے سے بارود سے بھری گاڑی کو ٹکرا دیا گیا جس کے نتیجے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔

گورنر کے ترجمان اسد اللہ دولت زئی نے بتایا تھا کہ جب گاڑی کو ٹکر ماری گئی اس وقت گورنر اپنے دفتر جارہے تھے، ان کے چار محافظ اور 4 عام شہری ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ زخمیوں میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

خیال رہے کہ صدراشرف غنی افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کے آغاز کے تین ہفتوں بعد قطری عہدیداروں سے ملاقات کے لیے دوحہ میں موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.