ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دے دی

0
26

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 130 رنز سے شکست دے دی۔

باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کی ٹیم افغانستان کی جانب سے دیا گیا 191 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 60 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنائے اوپننگ بیٹر حضرت اللہ زازئی 44، رحمان اللہ 46 اور نجیب اللہ 59 رنز بنا کر نمایاں رہے اور اسکاٹ لینڈ کو 191 رنز کا ہدف دیا-

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے سفیان شریف نے دو جب کہ جوش ڈیوی اور مارک واٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بعد ازاں افغانستان کی اسپن جوڑی مجیب الرحمان اور راشد خان نے تباہ کن بولنگ کی، مجیب نے پانچ جب کہ راشد نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اسکاٹ لینڈ کے 6 کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اوپنر مونسے نے 25 اور گریوز نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ وہ اسکاٹ لینڈ کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

اسکاٹ لینڈ کے کپتان نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ ہی کرتے، انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ مضبوط ہے-

واضح رہے کہ افغانستان کی جانب سے یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اسکور ہے، اس سے قبل 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے زمبابوے کے خلاف 6 وکٹوں پر 186 رنز بنائے تھے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔

Leave a reply