یورپ کےبعد امریکہ نے بھی روس پرشکنجہ کس دیا:لڑائی میں بھی شدت آگئی

واشنگٹن:یورپ کےبعد امریکہ نے بھی روس پرشکنجہ کس دیا،اطلاعات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے بدھ کو اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران امریکی فضائی حدود سے روسی طیاروں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔

سی این این کی خبر کے مطابق امریکی صدر نے کہا’’آج رات میں اعلان کر رہا ہوں کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر تمام روسی پروازوں کے لیے امریکی فضائی حدود بند کریں گے-روس کو مزید الگ تھلگ کریں گے اور ان کی معیشت پر اضافی دباؤ ڈالیں گے۔ اس سے قبل امریکہ، کینیڈا اور یوروپی یونین (ای یو) بھی روسی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر چکے ہیں۔

اس سے قبل یوروپی یونین کے صدر ارسلا وون ڈیر لیین نے اعلان کیا تھا کہ پوری یوروپی یونین اپنی فضائی حدود روسی طیاروں کے لیے بند کر دے گی۔ قابل ذکر ہے کہ جرمنی، اٹلی، اسپین اور فرانس نے گزشتہ ہفتے روسی طیاروں پر اپنی فضائی حدود میں پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ادھر یوکرین میں مرکزی ٹی وی کی عمارت پر روس کے میزائل حملے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں مرکزی ٹی وی کے ٹاور پر میزائل حملہ کیا جس میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق اب تک یوکرین کی 1325 فوجی تنصیبات تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ یوکرین نے جنگ میں اب تک 5710 روسی فوجیوں کی ہلاکت کا اور 200 فوجیوں کو جنگی قیدی بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے 29 لڑاکا طیارے اور 29 جنگی ہیلی کاپٹرز مار گرائے جا چکے ہیں جبکہ 198 ٹینک، 846 بکتر بند، 77 توپیں اور 2 جنگی بحری جہاز بھی تباہ کیے جا چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق اب تک 6 لاکھ 80 ہزار افراد یوکرین سے نکل چکے ہیں۔

Comments are closed.