وفاق کے بعد پنجاب میں بھی سیاسی گہما گہمی عروج پر:دونوں گروپ اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کرنے لگے

0
34

 

قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اپوزیشن اتحاد حمزہ شہباز کو وزیراعلی پنجاب منتخب کروانے کے لئے سرگرم ہوگیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کے ایم پی ایز لاہور کے لگژری ہوٹل میں مقیم ہیں، اراکین اسمبلی کو وزیراعلی پنجاب کے لئے ہونے والی ووٹنگ تک اکٹھے ہوٹل میں ہی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر ن لیگی ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کا محاذ گرم ہے متحدہ اپوزیشن کے ارکان پنجاب اسمبلی کی رائل سوئس ہوٹل میں افطار پرمشاورتی ملاقات ہوئی ہے حمزہ شہباز نے متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا، جس میں‌ مسلم لیگ ن ،ترین گروپ ،اسد کھرکھر گروپ ،علیم خان گروپ کے ارکان اسمبلی شریک ہوئے

اپوزیشن اتحاد نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے 200 سے زائد ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کو پنجاب میں جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کے ارکان اسمبلی کی بھی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی رہنما کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مزید ارکان بھی ہمارے ساتھ رابطے کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ایک دوسرے کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے اپوزیشن اتحاد نے حمزہ شہباز کو امیدوار بنایا ہے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الہیٰ ہیں

ادھر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے نمبر پورے ہیں۔

ترجمان پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ن لیگ کا پنجاب میں دو سو سے زائد ممبران کی حمایت کا دعویٰ جھوٹ اور فریب ہر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی ن لیگ اراکین اسمبلی کر خرید و فروخت میں مصروف ہے۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ جمہوری عمل کو ناپاک بنانے کا کوئی موقع ن لیگ نے ہاتھ سے جانے نہیں دیا، حکومت ہو یا اپوزیشن، پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے نمبر پورے ہیں،16 اپریل کو پرویز الٰہی بھرپور طریقے سے الیکشن میں کامیاب ہونگے۔

ترجمان پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے پاس اس وقت 189 ووٹ موجود ہیں، آرٹیکل 63 اے کے تناظر میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کے ووٹ تسلیم نہیں کیے جائیں گے

Leave a reply