‏’ایک کروڑ روپے کی لائف انشورنس تھی، شوہر نے جلا دیا’

0
26

‏’ایک کروڑ روپے کی لائف انشورنس تھی، شوہر نے جلا دیا’

باغی ٹی وی :شوہر کی درندگی اور سطحی خواہش کی بھینٹ چھڑھنے والی خاتون نے بتایا کہ کس طرح اس کے شوہر نے پیسوں کے لالچ میں اس کو آگ میں جلانے کی کوشش کی، مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والی سحر خان اس وقت ‘ڈیپلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن’ میں زیرعلاج اور مختلف ہنر سیکھ رہی ہیں، جنہیں ان کے شوہر نے پیسہ حاصل کرنے کے لیے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔


عالمی ادارے انڈی پینڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون سحر خان کا کہنا تھا کہ میری پسند کی شادی تھی، ہمارے چھ بچے ہیں، سب کچھ ٹھیک تھا، آدھے گھنٹے پہلے ہم ہنس کھیل رہے تھے، میں نے فیس بک پر تصویر بھی پوسٹ کی اور لکھا ‘ود ہبی’ (شوہر کے ساتھ) اور آدھے گھنٹے کے بعد میری دنیا ہی بدل گئی۔ انہوں نے مجھ پر پٹرول ڈال کر آگ لگادی اور کمرے کا دروازہ بند کر دیا۔’

‘میرے بچے باہر کھڑے دیکھ رہے تھے۔ میں چیختی رہی اور خود کو لگی آگ بجھانے کی کوشش کرتی رہی۔ آگ بجھ گئی اور میں بے ہوش ہو گئی۔ وہ سمجھے میں مر گئی ہوں مگر میری چیخ و پکار سن کر لوگ جمع ہو گئے۔ ہسپتال میں جب ہوش آیا تو میں نے بتایا کہ میرے شوہر نے مجھے جلایا ہے تو پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔’

یہ کہانی مظفر گڑھ کے علاقے علی پور کی رہائشی سحر خان کی ہے، جنہیں گذشتہ برس دسمبر میں ان کے شوہر نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی۔انہوں نے مزید بتایا: ‘میرے شوہر نے میری لائف انشورنس کروا رکھی تھی اور اگر میں مرجاتی تو انہیں تقریباً ایک کروڑ روپے ملتے۔ انہوں نے یہ قدم اس لیے اٹھایا کیونکہ اُن دنوں میرے شوہر کے مالی حالات خراب تھے، انہوں نے سوچا ہو گا کہ میرے مرنے سے پیسے ملیں گے تو حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔’

سحر اس وقت تیزاب یا آگ سے جھلسنے والی خواتین کی بہبود کے لیے کام کرنے والی ‘ڈیپلیکس سمائل اگین فاؤنڈیشن’ (ڈی ایس ایف) سے منسلک ہیں، جہاں نہ صرف ان کا علاج ہورہا ہے بلکہ انہیں مختلف ہنر بھی سکھائے جارہے ہیں

Leave a reply