ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد رقم افغانستان کے لئے مختص کر دی ہے، وزیر خارجہ

0
55

ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد رقم افغانستان کے لئے مختص کر دی ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں انسانی صورتحال پر اعلی سطحی وزارتی اجلاس سے خطاب کیا ہے اور کہا ہے کہ افغانستان میں عوام کو انسانی بنیادوں پر نہایت ضروری مدد کی فراہمی کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کا پاکستان خیرمقدم کرتا ہے اور انہیں سراہتا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پائیدار امن اور ترقی کی طرف سفر شروع کرتے ہوئے آج کا افغانستان ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ تنازعات کے پے درپے ادوار اور گزشتہ چار دہائیوں سے جاری عدم استحکام کو آخر کار روکا جاسکتا ہے۔ مسائل انتہائی کٹھن ہیں۔ افغانستان کے قریبا 1 کروڑ80 لاکھ عوام کو اس صورتحال میں انسانی بنیادوں پر امداد کی اشد ضرورت ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے تساہل پر مبنی ردعمل ہو تو اس کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اس اہم اور نازک مرحلے پر افغانستان کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرنا ہوگا جس میں مالی اور سیاسی حمایت دونوں شامل ہیں۔ اس وقت ترقیاتی نئی شراکت داریوں کی ضرورت ہے، قوم کی تعمیر میں حمایت درکار ہے اور افغان آبادی کی انسانی بنیادوں پر مطلوب ضروریات کو پورا کرنا ہوگا۔ پائیدار حل کا تقاضا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات لائے جائیں، روزگار کی فراہمی کے مواقعے پیدا کئے جائیں اور خوراک، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی ضروریات کی افغان عوام تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ افغانستان کے اندر انسانی صورتحال پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہمیں ان لاکھوں افغانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے جو دیگر ممالک میں سکونت پزیر ہیں اور جن کے لئے گزشتہ برسوں میں عالمی امداد میں کمی آئی ہے۔ عالمی ذمہ داری کے اصول اور وزن اٹھانے میں حصہ داری کے تحت مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ممالک کی خاص طورپر کورونا کی موجودہ مشکل صورتحال کے دوران حمایت اور مدد کی جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے حصے کے طورپر افغانستان میں انسانی بنیادوں پر کوششوں میں کئی طرح سے مدد کرتا آرہا ہے جس میں بین الاقوامی اداروں کے عملے کے انخلاءاور ان کی دوسری جگہ منتقلی کے علاوہ فضاءاور زمینی راستوں سے خوراک اور امدادی سامان کی فراہمی کے لئے انسانی بنیادوں پر راہداری کا قیام شامل ہے۔ ہم ہوائی جہازوں کے ذریعے افغانستان کو خوراک اور ادویات کی انسانی بنیادوں پرفراہمی کا سلسلہ پہلے ہی شروع کرچکے ہیں، یہ سلسلہ زمینی راستوں کے ذریعے جاری رہے گا۔ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم نے ایک ارب امریکی ڈالر سے زائد رقم افغانستان میں متعدد ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے مختص کی ہے۔ ہم اقوام متحدہ کی چھتری تلے افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی میں مدد کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں جس میں اجناس کے ذریعے معاونت بھی شامل ہے۔ ہم نقل وحرکت اور پاکستان سے راستے کی فراہمی کے ذریعے اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی میں سہولت کاری بھی جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور انسانی حقوق کے احترام کے فروغ کے لئے افغانستان میں سیاسی استحکام اور امن درکار ہے۔ امن اس وقت تک مستحکم وپختہ نہیں ہوسکتا جب تک افغانستان کو درکار معاشی اور مالیاتی گنجائش فراہم نہیں ہوتی۔ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دوہرایا جانا چاہیے۔ افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ نہایت ضروری ہے کہ ایک حقیقت پسندانہ اور طویل المدتی سوچ اور اندازفکر کو اختیار کیاجائے۔ افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطوں خاص کر انسانی بنیادوں پر درکار ضروریات پوری لازم ہے۔ پاکستان اس ضمن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی سربراہی میں اقوام متحدہ اور اس کے اداروںکی جانب سے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے کردار کے قائدانہ مظاہرے کو سراہتا ہے۔

Leave a reply