آج تک اپنی اداکاری کے کام سے 75 فیصد غیر مطمئن ہوں

0
36

اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر نبیل ظفر کا کہنا کہ وہ آج تک اپنی اداکاری کے کام سے 75 فیصد غیر مطمئن ہیں-

باغی ٹی وی : اداکار نبیل ظفر کا پیدائشی نام ندیم ظفر ہے جب کہ انہیں شوبز کی دنیا میں نبیل ظفر کہا جاتا ہے، انہوں نے کیریئر میں دوسرے اداکاروں کے مقابلے میں کم ڈراموں میں اداکاری کی مگر انہیں شہرت زیادہ کام کرنے والوں سے بھی زیادہ ملی۔

نبیل ظفر کو زیادہ تر لوگ ان کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’بلبلے‘ کی وجہ سے جانتے ہیں تاہم انہوں نے پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہونے والے ڈراموں ’دھواں‘ اور ’دن اور دلدل‘ میں بھی کام کیا۔

حال ہی میں نبیل ظفر اہلیہ سلمیٰ ظفر کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل پرآغا علی اور حنا خان کے شو ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے نہ صرف پیشہ ورانہ زندگی پر کھل کر بات کی بلکہ انہوں نے ذاتی زندگی پر بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے نبیل ظفر نے بتایا کہ وہ آج تک اپنی اداکاری کے کام سے 75 فیصد غیر مطمئن ہیں، انہیں لگتا ہے کہ انہوں نے اچھا کام نہیں کیا۔

دوران شو نبیل ظفر کا کہنا تھا کہ سال 2000 میں انہوں نے اداکاری سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لیا، کیوں کہ اس وقت ان کی شادی ہوئی اور دیگر کچھ معاملات بھی تھے۔

نبیل نے بتایا کہ سال 2006 کے بعد انہوں نے اداکاری کے علاوہ ہدایتکاری اور پروڈکشن کا بھی فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے انہوں نے 2009 میں اپنے دو قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر ’بلبلے‘ بنایا اور انہیں یقین تھا کہ وہ کامیاب جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’بلبلے’ کا اسکرپٹ 2006 میں ہی ان کے دوست علی عمران نے لکھ لیا تھا مگر اس پر انہوں نے کام 2009 میں شروع کیا اور ابتدائی طور پر ’بلبلے‘ میں حنا دلپذیر کا کردار نہیں تھا مگر بعد میں ان کے کردار کو مستقل کردار میں تبدیل کیا گیا۔

نبیل نے بتایا کہ جب ’بلبلے‘ کی شوٹنگ جاری تھی، اس وقت عائشہ عمر ماڈلنگ اور ریڈیو میں ویڈیو جوکی (وی جے) کا کام کرتی تھیں، اس کی وجہ سے انہیں شروع میں مشکلات بھی پیش آئیں۔

نبیل ظفر کے مطابق عائشہ عمر ابتدائی طور پر ’بلبلے‘ میں خوبصورت کے کردار کو غیر اہم سمجھ رہی تھیں مگر انہوں نے اس وقت ہی عائشہ عمر کو بتایا تھا کہ مستقبل میں ’خوبصورت‘ کا کردار ان کی پہچان بنے گا۔

 

نبیل ظفرکے ساتھ اسکاٹ لینڈ نژاد لڑکی نے ان کا کونسا ڈرامہ دیکھ کر شادی کی؟

Leave a reply