پنجاب یونیورسٹی گیٹ پرشراب کی برآمدگی ،یہ سازش کس نے اورکیوں تیارکی؟ترجمان نے حقائق سے پردہ اٹھا دیا

لاہور: پنجاب یونیورسٹی گیٹ پرشراب کی برآمدگی ،یہ سازش کس نے اورکیوں تیارکی؟ترجمان نے حقائق سے پردہ اٹھا دیا ،اطلاعات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کو بدنام کرنے کے لئے شراب کی بوتلیں سازش کے تحت داخلی گیٹ تک پہنچائی گئیں جو سخت سیکیورٹی اقدامات کے باعث گیٹ پر ہی پکڑ لی گئی،

ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہونے کی خبر آئی تھی اور پنجاب یونیورسٹی کی ترقی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا تاہم کچھ عناصر سے اس کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور یونیورسٹی کو بدنام کرنے کے لئے سازش کی گئی ہے۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ رینکنگ کی خبر میں بہتری کے ساتھ ہی ایسے واقعات کامسلسل تین سال سے تواتر کے ساتھ رونما ہونا ثابت کرتا ہے کہ چند خفیہ عناصر سے پنجاب یونیورسٹی کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی میں منشیات یا کسی بھی ممنوعہ اشیا کے استعمال سے متعلق پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے، ایک اہم سوال یہ ہے کہ شراب کی بیس بوتلیں کس طرح کوئی موٹر سائیکل پر عام شاپنگ بیگ میں ڈال کر کھلے عام گھومتے ہوئے کسی ایسی جگہ پہنچا سکتا ہے جہاں گیٹ پر سخت چیکنگ ہوتی ہو ؟

ترجمان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں انتظامیہ کی کوششوں سے پر امن تعلیمی ماحول قائم کیا گیا ہے تاہم کچھ عناصر اپنی سازشوں کے ذریعے اس پر امن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے نمٹنے کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ قانون کے مطابق بروقت ایکشن بھی لیتی ہے ۔

Comments are closed.