پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر چیف الیکشن کمشنر اور گورنر پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست سائر

0
101

لاہور: عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر شہری نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

باغی ٹی وی : مذکورہ درخواست شہری منیر احمد کی جانب سے اپنے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی،درخواست میں گورنر پنجاب ، الیکشن کمیشن سمیت دیگرکو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت کی جانب سے الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جارہا لاہور ہائی کورٹ نے صوبے میں فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد فوری انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا۔ اتوار کے بعد اب صرف 60روز باقی رہ گئے ہیں، اس لیے انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی ۔

درخواست گزار کے مطابق اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز اندار الیکشن ہونے ہیں جب کہ اسمبلی تحلیل کو 30 روز گزر چکے ہیں اور اب 60 روز باقی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے 7 روز کے اندر الیکشن شیڈول جاری کرنا ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، درخواست گزار نے استدعا کی عدالت کے 10 فروری کو دیے گئے حکم کی خلاف ورزی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس جواد حسن نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسی لیے الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

اسامہ ستی قتل کی: مجرم پولیس اہل کاروں نے سزا کا فیصلہ چیلنج کردیا

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صوبے کے آئینی سربراہ گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نوٹیفکیشن کے ساتھ فوری کرے اور یقینی بنائے کہ انتخابات آئین کی روح کے مطابق 90 روز میں ہوں‘۔

Leave a reply