تمام قبضہ شدہ زمینیں واگزار کروا لی جائیں گی، سبطین خان

محکمہ جنگلات کا سرکاری زمینیں واگزار کروانے کیلئے سخت کاروائیوں کا فیصلہ کیا۔ عملے کو قبضہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن اور قانونی کارروائی کا حکم دیا
سبطین خان نے کہا کہ زمینیں واگزار کروا کر جنگلات آباد کئے جائیں گے۔
محکمہ جنگلات نے سرکاری زمینوں پر ناجائز قبضہ گیروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان کی زیر صدارت محکمہ جنگلات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر کو قبضہ شدہ زمینوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات کی زمینوں پر ناجائز قبضوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ زمینیں واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے محکمہ جنگلات کی زمینوں بالخصوص راجن پور کی زمینوں کے قابضین کے خلاف سخت ایکشن اور ناجائز قبضوں کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں اعلیٰ و مقامی حکام کے ساتھ ملکر زمینیں واگزار کروانے کیلئے مشترکہ آپریشن کی بھی تجویز دی۔ سبطین خان نے کہا کہ فی الفور سرکاری زمینیں واگزار کروا کر جنگلات آباد کئے جائیں اور ان زمینوں کو شجرکاری منصوبے کے ضمن میں زیر استعمال لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کو مقامی سیاسی عناصر کی پشت پناہی حاصل ہے مگر محکمہ جنگلات کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ عرصہ میں تمام قبضہ شدہ زمینیں واگزار کروا لی جائیں گی نیز آئندہ زمینوں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی اور مانیٹرنگ کا موثر بندوبست بھی کیا جا رہا ہے۔ سبطین خان نے قابضین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے۔

Comments are closed.