شیخوپورہ :51کروڑ روپے مالیت کے 60ترقیاتی کاموں اوپن نیلامی کی بجائے من پسند ٹھیکیداروں میں بندر بانٹ

باغی ٹی وی:شیخوپورہ (محمد طلال سے)ضلع کونسل شیخوپورہ میں 51کروڑ روپے مالیت کے 60ترقیاتی کاموں کی میرٹ پر اوپن نیلامی کی بجائے افسران نے بندر بانٹ کرکے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا ہے، پروفیشنل ٹھیکیداروں نے اس لاقانونیت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ا ن ترقیاتی کاموں کی از سر نو نیلامی کا مطالبہ کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر احسن عنایت سندھو نے سیاسی دباؤ اور اپنے من پسند ٹھیکیداروں سے لاکھوں روپے کے عوض ملی بھگت کرکے انہیں غیر قانونی طور پر ٹینڈر جاری کئے ہیں جو کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی میرٹ پالیسی کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے، بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ایک ایم این اے اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کو مجموعی طور پر 51کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے جس میں گلیوں کی پی سی سی اور سڑکات کی تعمیر و مرمت کے 60کے قریب منصوبہ جات شامل ہیں ضلع کونسل کے چیف آفیسر نے ان ترقیاتی کاموں کے اجراء پر سو سے زائد ٹھیکیداروں سے درخواستیں وصول کیں مگر انہیں ٹینڈرز فار م جاری نہ کئے گئے اور بندکمرے میں ان ترقیاتی کاموں کو سیاسی اثر و رسوخ اور مبینہ طور پر مک مکا کرکے لاکھوں روپے پول کے عوض چہیتے ٹھیکیداروں کو ترقیاتی کام الاٹ کردیئے گئے جس سے سرکاری خزانے کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، ٹھیکیداروں نے اس صورتحال سے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو بھی آگاہ کیا مگر انہوں نے بھی اس پر کوئی نوٹس نہ لیا جبکہ ان ترقیاتی کاموں کی مد میں محکمہ کے افسران اور ٹھکیداروں نے مجموعی طور پر 13فیصد پول وصول کیا ہے جو کہ کروڑوں روپے میں بتایا جارہاہے،واضح رہے کہ نئے ڈپٹی کمشنر طارق بسراء کی تعیناتی کے بعد کسی بھی سرکاری ادارے کے یہ پہلے ترقیاتی کام تھے جن کے ٹینڈرز میں بندر بانٹ کردی گئی ہے، رابطہ کرنے پر ضلع کونسل کے ذرائع نے ٹینڈرزکی بندر بانٹ کی تصدیق نہ کی ہے اور کہا ہے کہ ٹھکیداروں کو ٹینڈرز جاری کئے گئے ہیں۔

Leave a reply